وزیراعظم عمران خان سے ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف کی ملاقات

159

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان سے ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ایرانی وزیر خارجہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کو باہمی مفاد میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہئے۔ وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم نے کوویڈ 19 کی وجہ سے ایران میں قیمتی جانوں کے نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی اور دیگر اقدامات کی بدولت پاکستان میں وباء پر قابو رکھنے میں مدد ملی ہے۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون بالخصوص تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ کے لئے مل کر کام کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے افغانستان میں امن و استحکام میں سہولت کے لئے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ افغان مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، پاکستان افغانوں کی زیر قیادت امن عمل کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ افغانستان میں تمام فریقین مسئلے کے سیاسی حل کے لئے اس تاریخی موقع کو بروئے کار لائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن پورے خطے کے مفاد میں ہے، اس سے علاقائی تجارت، اقتصادی تعاون اور رابطہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر جواد ظریف نے ایرانی صدر کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ مل کر مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایران کی پختہ حمایت کا اعادہ بھی کیا۔