وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

145
Asad Umar

اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی میں بجلی سپلائی کا مستقبل تابناک ہوگا، یہ بات وفاقی وزیر اسد عمر نے جمعرات کو یہاں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہی ۔ وفاقی وزیر اسد عمر ، وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب ،توانائی حکام ،کے الیکٹرک حکام، چیئرمین نیپرا اور دیگر نے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور کے الیکٹرک سے متعلق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزرا احمد کو ان چیمبر بریفنگ دی ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چیف جسٹس گلزار احمد اور جسٹس اعجاز الاحسن کو کے الیکٹرک کے بارے میں ان چیمبر بریفنگ دی ہے ،چیف جسٹس اور جسٹس اعجاز الاحسن کے شکرگزار ہیں جنھوں نے وقت دیا، دو ہفتے بعد عدالت عظمی کو پھر حقائق سے آگاہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام کے کیلئے ہم کوشاں ہیں ،شہر قائد کی بجلی کا مستقل حل نکالنا چاہتے ہیں،ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا کہ نیپرا ریگولیٹر ہے کے الیکٹرک سے متعلق نیپرا کو اقدامات کرنے چاہیں۔ واضح رہے کہ کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل آف پاکستان نے عدالت عظمی سے کے الیکٹرک اور شہر قائد میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بارے ان چیمبر بریفنگ دینے کی استدعا کی تھی۔