پٹرولیم ڈویژن نے سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے نقصانات میں کمی کے لئے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد شروع کر دیا

65

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):پٹرولیم ڈویژن نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے نقصانات میں کمی لانے کے لئے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق دونوں کمپنیوں کو گیس کی چوری اور لیکج کی وجہ سے سالانہ مجموعی طورپر 50 ارب روپے تک کے نقصانات کا سامنا ہے اور ایس این جی پی ایل کے لاسز تقریباً 11 فیصد جبکہ ایس ایس جی سی کے نقصانات 17 فیصد ہیں جو کہ بین الاقوامی طور پر طے شدہ معیار سے زیادہ ہیں۔ اس سلسلہ میں دونوں کمپنیوں کی کارکردگی بہتر بنانے، گیس کی بلاتعطل ترسیل اور نقصانات میں کمی لانے کے لئے انہیں تقسیم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے جس کے بعد دو نئی کمپنیوں کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے۔ اس سلسلہ میں یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ گیس کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے ایک آزادانہ گیس ٹرانسمیشن کمپنی قائم کی جائے ۔ ملک میں گیس کی طلب اور رسد میں فرق بڑھنے کے ساتھ ساتھ گیس کے پیداوار میں بھی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے اور اس کمی کو پورا کرنے کے لئے 2016 سے ایل این جی کی درآمد کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو تا جا رہا ہے۔