ملک میں کورونا کی دوسری لہر میں اضافے پر خیبرپختونخوا حکومت کا تشویش کا اظہار

47

پشاور۔18نومبر (اے پی پی):ملک میں کورونا کی دوسری لہر میں اضافے پر خیبرپختونخوا حکومت نے تشویش کااظہار کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماؤں کو کورونا صورتحال سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کیلئے وزیراعلی محمود خان نے اپوزیشن سے رابطے کیلئے باقاعدہ طور پر کابینہ رابطہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔وزراء کمیٹی میں اکبر ایوب، شوکت یوسفزئی، سلطان محمد، تیمور جھگڑا اور کامران بنگش شامل ہیں۔ کمیٹی نے اپوزیشن کے پارلیمانی رہنماؤں کو کل بروز بدھ چار بجے اسمبلی سیکرٹریٹ میں دعوت دے دی ہے۔ کابینہ رابطہ کمیٹی نے سردار یوسف، لطف الرحمن، اکرم درانی، عنایت اللہ، سردار بابک اور شیر اعظم وزیر سے رابطہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، کمیٹی کورونا صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپوزیشن کو جلسہ موخر کرنے کے حوالے سے بات چیت کرے گی۔ رابطہ کمیٹی کے مطابق عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے کیونکہ کسی کو زبردستی جلسے جلوس کرنے سے نہیں روکتے مگر یہ موقع مناسب نہیں۔ حکومتی ارکان نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ امید ہے اپوزیشن سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گی جبکہ ہماری روایات ہیں کہ مسائل مذاکرات سے حل کرتے ہیں۔