لاہور۔18نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ سال جولائی میں انگلینڈکا دورہ کرے گی۔ ترجمان کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔اس دورے میں تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز بھی شامل ہیں۔لیگ میں شامل تین ایک روزہ میچز 8، 10 اور 13 جولائی کو بالترتیب کارڈف،لندن( لارڈز) اور برمنگھم میں کھیلے جائیں گے۔ 16، 18 اور 20 جولائی کو شیڈول تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز بالترتیب نوٹنگھم، لیڈز اور مانچسٹر میں کھیلے جائیں گے۔آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے اس کوالیفائنگ رائونڈ میں انگلینڈ کی ٹیم اب تک پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ ان کے پوائنٹس کی تعداد 30 ہےجبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 20،20 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔دیگر آٹھ ٹیموں نے اب تک لیگ میں شامل اپنا کوئی بھی میچ نہیں کھیلا۔آئی سی سی کا آئندہ ورلڈکپ سال 2023 کو اکتوبر نومبر میں بھارت میں شیڈول ہے۔سال 2016 سے اب تک پاکستان کا یہ مسلسل چھٹا دورہ انگلینڈ ہے۔سال 2016 میں پاکستان نے انگلینڈ میں کھیلی گئی چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کی تھی۔ اگلے سال وہاں کھیلی گئی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل پاکستان نے جیتا تھا۔سال دوہزار اٹھارہ میں وہاں کھیلی گئی 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی پاکستان نے 1-1 سے برابر کی تھی۔سال 2019 میں پاکستان نے وہاں کھیلے گئے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں شرکت کی تھی۔ رواں سال بھی انگلینڈ نے اپنے سمر میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کی تھی۔