چین کو پاکستانی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران کمی ، درآمدات میں اضافہ ریکارڈ

96
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):عوامی جمہوریہ چین کو پاکستانی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران کمی جبکہ چین سے درآمدات میں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں چین کو329.42 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 33.23 فیصدزکم ہے،گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں چین کو438.91 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔ اعدادوشمارکے مطابق ستمبر2020 میں چین کو 128.96 ملین ڈالرکی برآمدات ہوئیں، گذشتہ سال ستمبرمیں چین کوپاکستانی برآمدات کاحجم 145.48 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا،مالی سال 2019-20 میں چین کوپاکستانی برآمدات کا کل حجم 1.663 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں چین سے درآمدات میں میں 20.54 فیصداضافہ ریکارڈکیاگیاہے، اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لے کرستمبر2020 تک کی مدت میں چین سے 2.763 ارب ڈالرکی درآمدات کی گئی، گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں چین سے درآمدات کا حجم 2.292 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا، ستمبر2020 میں چین سے 863.34 ملین ڈالرکی درآمدات ہوئیں، گذشتہ سال ستمبرمیں چین سے 700.65 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں، مالی سال 2019-20 میں چین سے درآمدات کا مجموعی حجم 9.56 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔