درپیش چیلنجز کے باوجود پاکستان نے کووڈ۔ 19 کی وبا پر قابو پانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا مشرقی بحیرہ روم کےوزراصحت کی ورچوئل پریس بریفنگ سے خطاب

64

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاہے کہ درپیش چیلنجز اور مشکلات کے باوجود پاکستان نے کووڈ۔ 19 کی وبا پر قابو پانے کیلئے پختہ عزم کر رکھا ہے ، دنیا بھر کے ممالک کی طرح ہم بھی پیدا ہونے والی صورتحال کے مطابق بروقت اور ضروری اقدامات کو یقینی بنا رھے ہیں اس ضمن میں ہم نے اپنے وسائل اور استعداد کار کو بروئے کار لا رھے ہیں اور تمام ایمر جنسی ہیلتھ کیئر اداروں میں انفیکشن کی روک تھام کو یقینی بنارہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی ادارہ صحت مشرقی بحیرہ روم کےوزراصحت کی ورچوئل پریس بریفنگ میں کیا جس میں انہوں نے پاکستان میں کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے جاری کوششوں کے بارے میں تفصیلی طور پر بتایا ۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاکہ پاکستان صرف کورونا وائرس سے ہی متاثرہ ملک نہیں ھے بلکہ ہماری عوام کو قدرتی آفات عدم تحفظ اور کئی دیگر ایمر جنسی حالات کا بھی سامنا ھے اور ہم پولیو کے خاتمے کیلئے بھی موثر اقدامات کر رھے ہیں اور ہماری اس بیماری کے خاتمے کیلئے دہائیوں طویل کوششیں اب کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے متاثر ہوئیں پولیو کا عملہ اور وسایل اب کورونا وائرس کی وباپر قابو پانے کیلئے استعمال ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان نے وبا کے آغاز سے ہی اس کو پھیلنے سے روکنے میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں اور ہم جولائی اور اگست میں اس وبا کا پھیلاؤ خاطر خواہ طور پر روکنے میں بھی کامیاب ہوئے تاہم دیگر ممالک کی طرح لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے اکتوبر میں کووڈ۔19 کے کیسز دوبارہ سامنے آنا شروع ہو گئے۔ انہوں نے مزیز کہا کہ اکتوبر میں عالمی ادارہ صحت کے مشرقی بحیرہ روم خطہ کے دفتر کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تاکہ کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے میں پاکستان کی کامیابیوں سے استفادہ کیا سکے اور ٹیکنیکل اور سٹریٹیجک رہنمائی حاصل کی جائے اور وباپر قابو پانے کیلئے زیادہ فعال تیز ترین اور مستحکم بنیادوں باقدامات کیلئے سفارشات بنائی جا ئیں۔ انہوں نے کہا پاکستان میں صحت کی ضروری اور لازمی خدمات کو یونیورسل ہیلتھ کوریج کے عین مطابق بنانے کیلئے بھی کام شروع کرکے اقدامات کیے جارہے ہیں اور ہم عالمی علاقائی اور پاکستان کیلئے یونیورسل ہیلتھ کوریج کے مخصوص اہداف کے حصول کیلئے اجتماعی طور پر کام جاری رکھ سکتے ہیں اور اس ضمن میں تولیدی زچہ بچہ نوزائیدہ بچوں کی صحت اور غذائی خدمات کو ترجیح دی جاے گی۔