سعودی عرب آئندہ سال اکنامک زون قائم کرے گا

97

ریاض۔22نومبر (اے پی پی):سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے کہا ہے کہ’ سعودی عرب 2021 کے دوران اکنامک زون قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے‘۔جی20 انٹرنیشنل میڈیا سینٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ماضی کے مقابلے میں اب سعودی وژن تیل پر انحصاری ختم کرتے ہوئے اقتصادی وسائل میں تنوع کی بنیاد بن گیا ہے‘۔الفالح نے بتایا کہ’ 2019 کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں سال رواں کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران مملکت میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ2021 کے شروع میں سرمایہ کاری کی حکمت عملی منظر عام پر آئے گی۔ ماضی میں غیرملکی سرمایہ کاری کا محور ہائیڈروکاربن اور بھاری صنعتیں ہوا کرتی تھیں۔ اب غیر ملکی سرمایہ کار نئے شعبوں میں سرمایہ لگانے لگے ہیں‘۔