بنیادی ڈھانچہ کے شعبہ کی ترقی کے لئے مربوط عالمی کاوشوں سے بین الاقوامی معیشت کی بڑھوتری میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے، آئی ایم ایف

88
منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):بنیادی ڈھانچہ کے شعبہ کی ترقی کے لئے مربوط عالمی کاوشوں سے بین الاقوامی معیشت کی بڑھوتری میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) نے اپنے ایک بلاگ میں کہا ہے کہ کووڈ۔19 کی ویکسین کی تیاری کی اچھی خبروں کے بعد توقع ہے کہ جلد ہی وبا پر بہتر طریقے سے قابو پا لیا جائے گا۔ عالمی مالیاتی فنڈ نے کہا ہے کہ بہتر مستقبل کے لئے عالمی برادری کا باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے تحت بنیادی ڈھانچے کے شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دے کر مربوط کاوشیں ضروری ہیں۔ عالمی ادارہ نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بنیادی ڈھانچے کے شعبہ کی ترقی پر توجہ دے جس سے نہ صرف لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ مجموعی عالمی اقتصادی شرح نمو کی بڑھوتری کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔