2021ءپاکستان میں سیاحت کے عروج کا سال ہوگا، پاکستان کے جنت نظیر سیاحتی مقامات بین الاقوامی توجہ کا مرکز ہیں، سیّد ذوالفقار بخاری

189
سید ذوالفقار بخاری کا وزیر اعظم عمران خان اور خاتون اول بشری بی بی کی صحت یابی کے لیے نیک تمناوں کا اظہار
سید ذوالفقار بخاری کا وزیر اعظم عمران خان اور خاتون اول بشری بی بی کی صحت یابی کے لیے نیک تمناوں کا اظہار

اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی و چیئرمین نیشنل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ سیّد ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ2021ءپاکستان میں سیاحت کے عروج کا سال ہوگا، پاکستان کے جنت نظیر سیاحتی مقامات بین الاقوامی توجہ کا مرکز ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے استنبول میں گلوبل ٹورازم کانفرنس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ سال 2021ءپاکستان میں سیاحت کے عروج کا سال ہوگا۔ 2019ءکو سکیورٹی کے حوالے سے محفوظ ترین سال قرار دیا گیا ہے اس سال ریکارڈ تعداد میں مقامی سیاحوں نے پاکستان کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا اور انشاءاﷲ اگلے برس ریکارڈ تعداد میں دنیا بھر سے سیاح پاکستان آئیں گے اور یہاں کے دلکش سیاحتی مقامات سے لطف اندوز ہوں گے۔ زلفی بخاری نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے لئے محفوظ ترین ملک ہے جہاں بین الاقوامی ٹورزم کے فروغ کے لئے سیاحوں کو ویزا قیام ایک شہر سے دوسرے شہر تک رسائی اور سیاحتی مقامات کے دورے کے حوالے سے ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ملک کے طول و عرض کے دورے کے دوران بذات خود پاکستان کے سیاحتی مقامات کا جائزہ لیا ہے اور 60 نئے قابل ذکر اوردلکش سیاحتی مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں ضرور ی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے پر امن حالات اور سیاحت کی ترقی کے اقدامات سے متاثر ہو کر برٹش ایئر ویز نے پاکستان کے لیے اپنی پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا ہے ورجن اور دیگر ائیر لائنز نے بھی پاکستان میں اپنی فلائٹس کا آغاز کر دیا ہے اور ٹورزم کے شعبہ میں ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ زلفی بخاری نے کہا کہ کورونا وبا کی لہر کے باوجود پاکستان میں پچیس سے تیس نئے ہوٹل تعمیر کئے جا رہے ہیں، انٹرنیشنل بلاگرز اور پاکستان کا دورہ کرنے والے سیاح انتہائی مطمئن ہیں اور ان کی طرف سے پاکستان کو سیاحت کیلئے بہترین ملک قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹورازم زون قائم کرکے وہاں پر تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور گلوبل ٹورازم فورم جیسے عالمی اداروں کے ساتھ باہمی اشتراک عمل اور تعاون سے پاکستان کے سیاحتی مقامات کو دنیا بھر میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔