آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ (کل) کھیلا جائے گا،آسٹریلیا کو تین میچوں کی سیریز میں 0-2کی فیصلہ کن برتری حاصل

176

کینبرا۔30نومبر (اے پی پی):آسٹریلیا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ (کل) بدھ کو آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا ، مانوکا اوول کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ میزبان ٹیم کو مہمان ٹیم کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے میچ میں بھارت کو 66رنز جبکہ دوسرے ون ڈے میچ میں 51رنز سے شکست دی تھی۔ بھارتی ٹیم اپنے دورہ آسٹریلیا کے دوران تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے بعد تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اور چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 2دسمبر کو آسٹریلوی دارالحکومت کینبرا میں کھیلا جائے گا۔ میزبان ٹیم آرون فنچ کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ بھارتی ٹیم کی قیادت ویرات کوہلی کریں گے۔ اس کے بعد تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر شتمل سیریز کا پہلا میچ 4دسمبر کو کینبرا میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 6دسمبر کو سڈنی میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 8دسمبر کوسڈنی میں ہی کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹونٹی سیریز کے مکمل ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔بھارتی ٹم ٹیسٹ سیریز سے قبل آسٹریلوی ٹیم سے تین روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 17سے 21دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ میچ 26سے 30دسمبر تک ایم سی جی کرکٹ گرائونڈ میلبورن میں کھیلا جائے گا، تیسرا ٹیسٹ میچ 7سے 11جنوری 2021تک سڈنی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ 15سے 19جنوری تک برسبین میں شیڈول ہے۔