لاہور۔2دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ میں موجود قومی اسکواڈ میں شامل مزید ایک رکن کی کووڈ- 19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے اور اس سلسلے میں نیوزی لینڈ کے متعلقہ حکام سے تبادلہ خیال کے بعد اپ ڈیٹ جاری کی جارہی ہے، جس کے مطابق اب تک پہلے، تیسرے اور چھٹے روز ہونے والی کووڈ- 19 ٹیسٹنگ میں قومی اسکواڈ کے54 میں سے 8 ارکان کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آچکی ہے،ان 8 ارکان میں سے 2کو ہسٹارک ( نان انفیکشیس) کیسز قرار دیا گیا ہے، لہٰذا یہ دونوں ارکان اسکواڈ کے دیگر ارکان کے ہمراہ ا سی منزل پر اپنی آئسولیشن کی مدت پوری کررہے ہیں۔پی سی بی ترجما ن نے بتایا کہ نویں روز آج جمعرات کو ہونے والی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ میں جن ارکان کے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئیں گے، انہیں نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی جانب سے حتمی منظوری ملنے کے بعد اپنی آئسولیشن کی بقیہ مدت میں ٹریننگ کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ بارہویں روز کیے جانے والے کوویڈ 19 ٹیسٹ کے بعد جو ارکان آئسولیشن کی مدت کے 14ویں روز ہونے والا اپنا ہیلتھ چیک اپ کلیئر کرلیں گے انہیں نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی جانب سے حتمی منظوری ملنے کے بعد مینیجڈ آئسولیشن چھوڑنے کی اجازت ہوگی ۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نہ صرف نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ سے مسلسل رابطے میں ہے بلکہ وہ انہیں ٹریننگ میں واپسی سے متعلق ہر اپ ڈیٹ سے بھی آگاہ کررہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹیم منیجمنٹ اور تمام کھلاڑی اس عمل کو مکمل سپورٹ کررہے ہیں اور وہ حکومت نیوزی لینڈ کے مقررہ قوانین کے تحت جلد از جلد ٹریننگ کا آغاز کرنے کے منتظر ہیں۔