ای سی سی نے ویلیوایڈڈبرآمدات میں اضافہ کیلئے سوتی دھاگاپر30 جون 2021 تک 5 فیصد درآمدی ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کی منظوری دیدی

78
اقتصادی رابطہ کمیٹی

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ویلیوایڈڈبرآمدات کے فروغ کیلئے سوتی دھاگا  پر30 جون 2021 تک 5 فیصد درآمدی ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کی منظوری دیدی، اجلاس میں این ایچ اے کے ریونیومیں اضافہ کیلئے روڈمیپ کی تیاری کے ضمن میں وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر کی قیادت میں ایک ذیلی کمیٹی قایم کردی گئی ہے، ۔ای سی سی نے لاجسٹک کمیٹی کوہدایت کی ہے کہ چینی اورگندم لانے والے جہازوں کی برتھنگ کو ترجیح دی جائے تاہم اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ اس سے دیگردرآمدی مال متاثرنہ ہوں۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس بدھ کویہاں وزیرعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ ڈویژن میں منعقدہوا،اجلاس میں وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر، وزیرصنعت وپیداوارحماداظہر، وزیرنجکاری محمد میاں سومرو، وزیراعظم کے مشیربرائے تجارت عبدالرزاق داﺅد، وزیرتوانائی عمرایوب خان، وزیربحری امورعلی حیدرزیدی،معاون خصوصی پیٹرولئیم ندیم بابر اور معاون خصوصی محصولات ڈاکٹروقارمسعود نے شرکت کی ۔گورنرسٹیٹ بینک رضاباقرویڈیولنک کے ذریعہ اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں وزاررت تجارت کی جانب سے سوتی دھاگاپر30 جون تک 5 فیصد درآمدی ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویزپیش کی گئی،تفصیلی بحث کے بعد ای سی سی نے ویلیوایڈڈبرآمدات کے فروغ کیلئے سوتی دھاگاپر30 جون تک 5 فیصد درآمدی ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کی منظوری دیدی۔اجلاس میں وزارت تجارت کی جانب سے ای سی سی کے 19 اکتوبرکے اجلاس میں برآمدی شعبہ کیلئے رعایتی بجلی ، آرایل این جی اورگیس کیلئے رجسٹریشن کے حوالہ سے فیصلہ پردوبارہ غورکیلئے سمری پیش کی گئی۔تفصیلی گفت وشنیدکے بعدڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے اس معاملہ پرسٹیٹس کوبرقراررکھنے کی ہدایت کی تاہم اس کیلئے شرط عائد کی گئی کہ ایف بی آر وزارت تجارت سے رابطہ کاری کے ذریعہ جون تک پانچ برآمدی شعبوں میں نئے مینوفیکچررز وبرآمدکنندگان کو رجسٹرکرے گا۔اجلاس میں مواصلات ڈویژن کی جانب سے مالی سہولت کیلئے نیشنل ہائی ویزاتھارٹی کے قرضوں کوحکومتی گرانٹ یا چھوٹ دینے کی درخواست کی گئی،اس موقع پراین ایچ اے کومستحکم اورکارگردگی کی بنیادپرچلنے والے ادارے میں تبدیل کرنے کے ضمن میں تفصیلی پریزینٹیشن دی گئی۔ای سی سی نے این ایچ اے کے ریونیومیں اضافہ کیلئے روڈمیپ کی تیاری کے ضمن میں وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر کی قیادت میں ایک ذیلی کمیٹی قایم کردی ، کمیٹی کے دیگرارکان میں ندیم بابر، علی زیدی،سیکرٹری خزانہ اورسیکرٹری مواصلات شامل ہیں،کمیٹی این ایچ اے کے ریونیومیں اضافہ کیلئے جامع روڈمیپ تیارکرکے ایک ماہ کے عرصہ میں ای سی سی کے پاس جمع کرائے گا۔اجلاس میں این ایچ اے کو اپنے مالی نموپذیری سے متعلق سفارشات کی تیاری کیلئے ایک ماہ کی اجازت دی گئی۔اجلاس میں وزارت صنعت وپیداوارکی جانب سے پاکستان سٹیل ملزکو سوئی سدرن کی جانب سے گیس کی فراہمی کی مدمیں ادائیگی کی سمری پیش کی گئی، ای سی سی نے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی شکل میں اس کی منظوری دی۔ اجلاس میں پاکستان پیٹرولئیم لیمیٹڈ کی جانب سے سے سوئی سدرن کو بیناری ایکس ون سے 9.5 ایم ایم سی ایف ڈی اور ہدف ایکس ون سے 10 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔وفاقی وزیرعلی حیدرزیدی نے اجلاس میں درآمدی چینی اورگندم کوبندرگاہ ہرترجیحی بنیادوں پراتارنے کامعاملہ اٹھایا۔ای سی سی نے لاجسٹک کمیٹی کوہدایت کی چینی اورگندم لانے والے جہازوں کی برتھنگ کو ترجیح دی جائے تاہم اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ اس سے دیگردرآمدی مال متاثرنہ ہوں۔ وزارت ہاوسنگ کی درخواست پرای سی سی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی عمارت اورججوں کی رہائشگاہوں کی مرمت کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں کراچی ٹرانسفرمیشن پلان، جوایجنڈامیں شامل تھا،کوتفصیلی بحث کیلئے آئندہ اجلاس تک موخرکردیاگیا