علاقائی تجارتی شراکت دارممالک کے مقابلہ میں کلیئرنس کے وقت کا تجزیہ کرنا ضروری ہے، ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ

65

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے ایف بی آرکوزیادہ مسابقتی ادارہ بنانے کیلئے علاقائی تجارتی شراکت دارممالک کے مقابلہ میں کلیئرنس کے وقت کا تجزیہ کرنے کی ضرورت پرزوردیا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں فیڈرل بورڈآف ریونیو(ایف بی آر) کی پالیسی بورڈ کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس ایف بی آر ہیڈکوارٹرزمیں منعقدہوا۔اجلاس میں مشیرتجارت عبدالرزاق دائوﺅد، وزیرنجکاری محمدمیاں سومرو، معاون خصوصی ریونیوڈاکٹروقارمسعود، وزیراعظم کے مشیربرائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹرعشرت حسین اوروزیرصنعت وپیداوارحماداظہرنے شرکت کی۔ایف بی آر کے ممبرکسٹمزویلوایشن (انڈرانوائسنگ) نے اجلاس کے شرکا کوتفصیلی بریفنگ دی اورمستقبل میں کسٹم کے ریونیومیں اضافہ کیلئے خامیوں اورگیپ پرقابوپانے کیلئے اقدامات پرروشنی ڈالی۔انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر نے ویلیوایشن کے قوانین وضابطے جاری کئے ہیں جبکہ درآمدات میں انڈرانوائسنگ کے خاتمہ کیلئے چین، ایران، افغانستان اوردیگرممالک سے الیکٹرانک ڈیٹاایکسچینج کے معاہدے بھی کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان معاہدوں کے مثبت نتاےج سامنے آئے ہیں۔وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے علاقائی تجارتی شراکت دارممالک کے مقابلہ میں کلیئرنس کے وقت کاتجزیہ کرنے کی ضرورت پرزوردیا تاکہ ایف بی آر کوزیادہ مسابقتی ادارہ بنایا جاسکے۔