پانچ پاکستانی کرکٹرز آئی سی سی دہائی کی ون ڈے ٹیم کے لئے نامزد

131
آئی سی سی

دبئی۔3دسمبر (اے پی پی):آئی سی سی دہائی کی ون ڈے ٹیم کے لئے پانچ پاکستانی کرکٹرز نامزد ہوگئے۔ 5 پاکستانی کرکٹرز میں سے تین مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔ آئی سی سی کی ویب سائٹ کے مطابق مینز اور ویمنز ٹیموں کی دو کیٹگریز میں مجموعی طور پر 16 کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا ہے جن میں سے 11 کھلاڑی دہائی کی ٹیم میں جگہ بنائیں گے۔ آئی سی سی دہائی کی مینز ون ڈے ٹیم کے لئے نامزد کرکٹرز میں پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق‘ محمد حفیظ اور سابق سپنر سعید اجمل شامل ہے جبکہ ویمنز کرکٹرز میں جویریہ خان اور ثناءمیر شامل ہیں۔ واضح رہے کہ مصباح الحق کو اس سے پہلے آئی سی سی کے دہائی کے سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کے لئے بھی نامزد کیا گیا ہے۔ 2015ءکے ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے مصباح الحق نے گزشتہ دس سالوں میں 97 اننگز میں 3599 رنز بنائے ہیں۔ محمد حفیظ گزشتہ 10 سالوں میں پاکستان کی طرف سے ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ 5740 رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں جبکہ اس عرصہ کے دوران انہوں نے 101 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ جبکہ اس عرصہ کے دوران سعید اجمل 157 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان میں سب سے آگے رہے۔ جویریہ خان ون ڈے میچوں میں 2586 رنز کے ساتھ پاکستان کی سب سے زیادہ رنز بنانے والی کرکٹر رہیں جبکہ اسی عرصہ کے دوران پاکستان ویمنز ٹیم کی آل راﺅنڈر ثناءمیر نے ون ڈے میچوں میں 120 وکٹیں حاصل کیں اور 1305 رنز بھی بنائے۔