کولمبو۔3دسمبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ کا کپتان مقرر کرنا اچھا فیصلہ ہے‘ لنکا پریمیئر لیگ میرے لئے اپنی فارم برقرار رکھنے کا ایک بہترین موقع ہے۔ جمعرات کو ایک انٹرویو کے دوران شعیب ملک نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ سے ڈراپ کرنے کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے دورہ نیوزی کے لئے سلیکٹ نہ کرنے کا جواب صرف سلیکٹر ہی دے سکتے ہیں، مجھے اس بارے میں کچھ معلوم نہیں اور نہ ہی اس حوالے سے مجھ سے رابطہ کیا گیا تھا۔ لنکا پریمیئر لیگ میں جافنا سٹالینز کی نمائندگی کرنے والے شعیب ملک نے کہاکہ ایل پی ایل میرے لئے اپنی فارم برقرار رکھنے کا ایک اچھا موقع اور میری توجہ اسی پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ کا کپتان مقرر کرنا ایک اچھا فیصلہ ہے۔