اپوزیشن عدالتی فیصلے اور معاشی صورتحال کو نظر انداز کر رہی ہے، اپنی کرپشن بچانے کے لئے شہریوں کے جان و مال کو دائو پر لگا دیا، سینیٹر فیصل جاوید

87

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن عدالتی فیصلے اور معاشی صورتحال کو نظر انداز کر رہی ہے، اپوزیشن جماعتوں نے اپنی کرپشن بچانے کے لئے شہریوں کے جان و مال کو دائو پر لگا دیا، حکومت بدعنوانوں کے خلاف احتساب کا عمل جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بارہا اپوزیشن کو سمجھا چکے ہیں لیکن نہ وہ عدالتی فیصلے کو مانتے ہیں نہ ہی شہریوں کی جان کی پرواہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں رکاوٹ بڑھتی تو بات تصادم تک جا سکتی تھی، پنجاب حکومت نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ترجیح دی۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، اپوزیشن کو کئی بار بات چیت کی دعوت دی ہے، حکومت انتخابی اصلاحات، کورونا اور عوامی مفاد پر قانون سازی کے لئے اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کرنے کو تیار ہے، اپوزیشن کے ساتھ میڈیا کے سامنے مذاکرات کرنے کے لئے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ہمیشہ کہتی ہے کہ ہماری بات مانیں تو آگے چلیں گے، اپوزیشن نیب قوانین میں ترمیم چاہتی ہے جو ممکن نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی لندن میں جائیدادیں ہیں، پنجاب حکومت نے کرپشن کے 25 ارب روپے ریکور کئے ہیں، غیر ملکی ریکوریز سے متعلق بھی کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے 20 ایم پی ایز کو کرپشن کے باعث فارغ کیا، علیم خان نیب کی حراست میں رہے، حکومت احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔