مریم نواز جعل سازی میں رنگے ہاتھوں پکڑی گئیں، اپوزیشن جماعتیں این آر او لینے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہیں، مراد سعید

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں این آر او لینے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں بدعنوان عناصر کو این آر او نہیں دیں گے، ان لوگوں نے 40 سال تک عوام کا خون چوسا، مریم نواز کہتی تھیں کہ میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد …

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں این آر او لینے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں بدعنوان عناصر کو این آر او نہیں دیں گے، ان لوگوں نے 40 سال تک عوام کا خون چوسا، مریم نواز کہتی تھیں کہ میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، پانامہ لیکس میں ان کی کرپشن اور لوٹ مار سامنے آئی، گلگت بلتستان انتخابات میں قوم نے وزیراعظم عمران خان سے محبت کا ثبوت دیا ہے، اپوزیشن استعفے دے، تحریک انصاف دوبارہ انتخابات جیت جائے گی کیونکہ عوام نے بدعنوان ٹولے کو پہلے بھی انہیں مسترد کیا اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ اتوار کو مریم نواز کے خطاب پر نجی ٹی وی چینل کو ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی کرپشن کی داستانوں کی بات ہوتی ہے تو اس میں شریف خاندان اور آصف علی زرداری کا نام آتا ہے، مریم نواز جعل سازی میں پکڑی گئیں اور بیرون ممالک بنائی گئی جائیدادوں کی بینی فشری آنر ہیں، پاکستانی سیاست میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے، یہ لوگ صرف میڈیا میڈیا کھیلتے ہیں، عوام کا ان سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے، ان کی لوٹ مار کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں گیا، موجودہ حکومت لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت بازیاب کرانے اور مفروروں کو واپس لا کر جیلوں میں ڈالنے کیلئے پر عزم ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ اس وقت پورا شریف خاندان مفرور اور اشتہاری ہے اور لندن میں بیٹھا ہوا ہے، لیگی قائد لندن میں بیٹھ کر عوام سے کہہ رہے ہیں کہ ان کی چوری بچانے کیلئے باہر نکلیں، عوام ان کیلئے کیوں نکلیں، وہ انہیں مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں عوام میں اپنی مقبولیت کھو رہی ہیں، ان کے جلسوں میں لوگ نہیں آتے جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف حکومت کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اور گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابی نتائج اس کا ثبوت ہیں جہاں پر عوام نے وزیراعظم عمران خان سے محبت کا ثبوت دیا ہے، اپوزیشن جماعتوں کو صرف دو، دو سیٹیں ملی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے قومی اداروں اور معیشت کو اپنی کرپشن کی بھینٹ چڑھایا اور جائیدادیں بنائیں، مریم نواز جو ہر محاذ پر جھوٹ بولتی ہیں سپریم کورٹ میں رنگے ہاتھوں جعلی سازی میں پکڑی گئی تھیں، ان کے بارے کیا بات کریں، اگر انہیں اتنا ہی عوام کا احساس ہے تو لوٹا ہوا پیسہ واپس کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو ملک اور عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، ان لوگوں کو صرف لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت کی فکر ہے، یہ چاہتے ہیں کہ ہسپتال بھر جائیں اور ان کو دوبارہ اقتدار کا موقع مل جائے لیکن اب ان کو موقع نہیں ملے گا، ان کی بات ختم ہو گئی ہے اب پاکستان کی سیاست میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسوں سے تین قسم کے بیانات آ رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان کہہ رہے ہیں کہ املاک کو نقصان پہنچائو اور ڈنڈے برساﺅ جبکہ مریم نواز عدلیہ اور قومی سلامتی کے اداروں کو ہدف بنا رہی ہیں، مریم نواز جو باتیں کر رہی ہیں، بھارت بھی وہی کر رہا ہے، یہ اپنے بیانیے سے دشمن کو فائدہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہے اور معاشی اشاریے مثبت آ رہے ہیں، برآمدات بڑھ رہی ہیں، گزشتہ 10 سالوں میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری آئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف گلی گلی اور محلے محلے گھوم رہے تھے کہ انہیں کیوں نکالا، انہیں کرپشن کرنے پر نکالا گیا، انہیں سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کے سامنے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کا موقع ملا لیکن وہ جواب نہیں دے سکے جس کے بعد عدالت نے کہا کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں ہیں، ان کی کرپشن پر کتابیں لکھی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وبا کے پھیلاﺅ میں تیزی آ رہی ہے، حکومت عوام کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے ٹی وی پر خصوصی ٹرانسمیشن چلا رہی ہے لیکن اپوزیشن کو اس بات کی کوئی پروا نہیں ہے، ان لوگوں کو صرف اپنی لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت کی فکر ہے، اپوزیشن نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) قانون سازی کے دوران تحریری طور پر این آر او مانگا، جب وزیراعظم عمران خان نے انکار کر دیا تو اس کے بعد پی ڈی ایم نے تحریک کا آغاز کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کی پہلی لہر کو کامیابی کے ساتھ ہنڈل کیا تھا۔معیشت کو کسی قسم کو نقصان نہیں پہنچا تھا۔