چیئرمین بزنس مین گروپ سراج قاسم تیلی انتقال کرگئے

111

کراچی ۔8دسمبر (اے پی پی):کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) گہرے رنج و غم کے ساتھ آگاہ کرنا چاہتا ہے کہ چیئرمین بزنس مین گروپ اور سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی منگل کے روز دبئی میں ہارٹ اٹیک کے باعث انتقال کرگئے۔ سراج قاسم تیلی کے انتقال پر بی ایم جی کے وائس چیرمینز طاہر خالق، زبیر موتی والا، ہارون فاروقی، انجم نثار، جنرل سکریٹری بی ایم جی اے کیو خلیل، صدر کے سی سی آئی ایم شارق وہرا، سینئر نائب صدر ثاقب گڈلک، نائب صدر شمس الاسلام خان، کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے ممبران،تمام بی جی ایم آئی ایز اور تاجر و صنعتکار برادری نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جو تاجر و صنعتکار برادری کے لیے ان کی غیر معمولی اور شاندار خدمات کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔انہوں نے دعا کی کہ رب کریم مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان ، دوستوں، خیر خواہوں اورتمام بی ایم جی اینز کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔مرحوم سراج قاسم تیلی کے انتقال پر کراچی چیمبر سوگ کے طور پر3 دن تک بند رہے گا تاہم اٹیسٹیشن اور میڈیا ڈیپارٹمنٹس جزوی طور پر کھلے رہیں گے۔مرحوم سراج قاسم تیلی ایک نامور صنعتکار اور ایک عظیم لیڈر تھے۔ ان کا تعلق ایک مشہور خاندان سے تھا جو قیام پاکستان کے بعد سے ہی کاروبار میں سرگرم عمل ہے۔بزنس مین گروپ کے چیئرمین کے طور پر سراج تیلی گذشتہ 25 سالوں سے تاجروصنعتکار برادری کی غیر معمولی قیادت کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں۔انہوں نے تجارتی سیاست میں انقلابی اور ترقی پسند تبدیلیاں کیں اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ،سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری و دیگر پلیٹ فارمز سے عوامی خدمت اور سماجی کام انجام دیے۔سراج قاسم تیلی نے ڈائریکٹر پاکستان بیوریج لمیٹڈ (پیپسی کولا) کراچی، حیدرآباد اور کوئٹہ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔مشروبات کے شعبے کے علاوہ انہیں ٹیکسٹائل، ڈیری مصنوعات اور توانائی کے شعبے کا خاطر خواہ تجربہ تھا اور وہ گل احمد انرجی لمیٹڈ، میٹرو پاور کمپنی، یاسر فروٹ جوس، حاجی قاسم حاجی محمد اینڈ کو اور پاکولا پروڈکٹ (پرائیوٹ) لمیٹڈ کے ڈائریکٹر بھی تھے۔ سراج تیلی کو قومی معیشت نمایاں اور بلاتفریق عوامی خدمت پر اُس وقت کے صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ”ستارہ امتیاز” سے نوازا تھا۔سراج تیلی کی نجی شعبے کے لیے خدمات، صنعتی ترقی کے لیے ان کی کاوشوں اور عام طور پر تاجر و صنعتکار برادری میں اتحاد کے لیے ان کی کوششیں،برآمدات کو فروغ دینے کے ان کے جارحانہ اور تخلیقی منصوبے اور ملک کی معاشی ترقی میں ان کا تعاون واقعی قابل تحسین تھا۔ یہی وجہ ہے کہ انسٹی ٹیوٹ آف بزنس اینڈ ٹیکنالوجی (BIZTEK) کے مینجمنٹ اینڈ سوشل سائنسز کی فیکلٹی نے ان کو ڈاکٹریٹ آف فلسفہ (آنوریس کاسا) کی اعزازی ڈگری سے نوازا۔سراج تیلی نے تاجر و صنعتکار برادری کے نمائندے کی حیثیت سے متعدد سرکاری اور نیم سرکاری تنظیموں کے بورڈ پر خدمات انجام دیں۔ان میں سائٹ لمیٹڈ، لینڈ یوٹیلائیزیشن، پورٹ قاسم اتھارٹی، سول ایوی ایشن اتھارٹی، سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ، ورکرز ویلفیئر فنڈ، کے ای ایس سی اور بہت سارے تعلیمی ادارے شامل ہیں۔ وہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز بھی تھے۔انہوں نے اور ان کے اہل خانہ نے انسانیت کی خدمت کے کاموں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔سراج تیلی کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر، پاکستان بیوریج مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ اور چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔سراج قاسم تیلی کی بے دریغ مخلصانہ اور ایماندارانہ کوششوں نے تجارتی سیاست کے نقطہ نظر کو بدل دیا۔ اس کے نتیجے میں اب حقیقی اسٹیک ہولڈرز کے سی سی آئی کے معاملات میں حصہ لیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔تاجر برادری کی ذہنیت کو اس انداز میں تبدیل کرنے میں ان کی قیادت کا اہم کردار رہا ہے کہ چیمبر اب بلا رنگ ونسل اور مذہبی امتیاز کے بغیر مجموعی طور پر کراچی کے عام مفاد کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔مرحوم سراج قاسم تیلی کی نجی شعبے کے لیے خدمات، صنعتی ترقی کے لیے ان کی کاوشوں نے بالعموم اور تاجر و صنعتکار برادری میں اتحاد پیدا کرنے کے حوالے سے ان کی کوششیں اور ملکی معاشی ترقی میں ان کا کردار واقعی قابل تحسین تھا اور ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔