جس رفتار سے کورونا کیسز کی شرح بڑھ رہی ہے، اگلے دو تین ہفتوں میں صحت کے نظام پر شدید دبائو آنے کا خدشہ ہے، عوام ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں،وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر

132

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران سیاست آڑے آ رہی ہے، اپوزیشن جماعتوں کی سیاسی قیادت کی طرف سے عوام کو ایک پیغام نہیں جا رہا جس کی وجہ سے لوگ احتیاط نہیں کر رہے، جس رفتار سے کورونا کیسز کی شرح بڑھ رہی ہے، اگلے دو تین ہفتوں میں صحت کے نظام پر شدید دبائو آنے کا خدشہ ہے، عوام اور تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ وہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کریں اور مہلک وبا پر قابو پانے کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اپوزیشن جماعتیں ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے لوگوں کی جانوں اور روزگار کو خطرے میں ڈال رہی ہیں، قوم دیکھ رہی ہے کہ اپوزیشن خود غرضی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور ان کے غیرذمہ دارانہ رویے سے انہیں سیاسی طور پر بہت نقصان ہو گا۔ اسد عمر نے کہا کہ اپوزیشن کورونا کے حوالے سے ابہام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو کہ خطرناک بات ہے، سندھ کی وزیر صحت کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے سخت لاک ڈاﺅن کی بات کر رہی ہیں جبکہ دوسری جانب پیپلزپارٹی کی قیادت عوام کو پیغام دے رہی ہے کہ جلسوں سے کچھ نہیں ہوتا، اپوزیشن جماعتیں دوہرا معیار ترک کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں آکسیجن سپلائی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، پشاور میں خیبرٹیچنگ ہسپتال کا واقعہ مجرمانہ غفلت ہے، تحقیقات ہو رہی ہیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں کورونا کیسز اور اموات کی شرح میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا، کورونا کی روک تھام کیلئے آج بدھ کو این سی او سی اجلاس کے دوران سفارشات مرتب کی جائیں گی جس کے بعد قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے حکومت نے 150 ملین ڈالر مختص کئے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ سال پہلی سہ ماہی کے آخر تک ویکسین دستیاب ہو جائے گی، کورونا کے خلاف فرنٹ لائن سے مقابلہ کرنے والے طبی عملے اور 65 سال سے زائدالعمر کے لوگوں کو ترجیح بنیادوں پر ویکسینیشن مہیا کی جائے گی، سرکاری ہسپتال میں عوام کو مفت ویکسین مہیا ہو گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو معاونین خصوصی اور مشیروں کی تقرری کا اختیار حاصل ہے۔