مینجنگ ڈائریکٹر اے پی پی کی پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام میں گفتگو

211

اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان ( اے پی پی )کے مینجنگ ڈائریکٹر مسعود ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف گذشتہ تین دہائیوں سے ملکی سیاست میں سرگرم عمل ہیں اور میرے خیال میں پاکستانی سیاست کی تاریخ میں وہ پہلے منتخب وزیراعظم ہیں جو ہر آزمائش کی گھڑی میں قوم کی توقعات پر پورا اترے ہیں، چاہے مسئلہ کشمیر یا ایٹمی دھماکے ہوں یا بھارت کے ساتھ تعلقات کا مسئلہ ، میں سمجھتا ہوں ان سارے معاملات میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے بڑے ہی تدبر کا ثبوت دیا ہے۔ گذشتہ روز پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند دن قبل جب وزیراعظم محمد نواز شریف اقوام متحدہ میں گئے تو بھارت اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ان پر بہت تنقید کی جاتی رہی لیکن انہوں نے اپنے اوپر ہونے والی تنقید کا جواب اپنے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خطاب کے دوران ایسے بہترین اور موثر انداز میں دیا جو ان کی اپنے وطن عزیز سے حقیقی محبت اور ان کے تدبر کو واضح کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے طرز عمل نے اس سیاسی ٹمپریچر میں اضافے کو روکا اور صورت حال کو کافی بہتر بنا یا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمنوں کی خواہش ہے کہ پاکستان میں انارکی پھیلے یہاں امن نہ ہو، اس میں کئی ایسی طاقتیں ہیں جو سی پیک کی مخالف ہیں، کئی پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی مخالف ہیں اور کئی پاکستانی افواج کی مخالف ہیں اور میں تو یہ سمجھتا ہوں کہ ایک ایسی سازش کی جا رہی تھی کہ پاکستانی افواج اور پاکستانی سیاسی قیادت اور پاکستانی عوام کو آپس میں لڑایا جائے لیکن وزیراعظم محمد نواز شریف، ان کی جماعت اور ان کے رفقاءنے ان ساری سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے