ڈی آر ایس اور سوئچ ہٹ کے لئے قانون میں تبدیلی کی ضرورت ہے،رمیز راجہ

93
رمیز راجہ

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ سوئچ ہٹ اور ڈی آر ایس سسٹم میں تبدیلی کی ضرورت ہے، جنوبی افریقہ کا دورہ پاکستان پی سی بی اور شائقین کرکٹ کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ اپنے یو ٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ بھارت آسٹریلیا سیریز کے دوران سوئچ ہٹ کے بہت چرچے ہوئے جب گلین میکسویل نے سوئچ ہٹ کے ذریعے بھارتی ٹیم کو پریشان کئے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی بلے باز یہ شارٹ کھیلتا ہے تو مجھے مزہ آتا ہے۔ شائقین ایسی چیزوں کو پسند کرتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ جہاں یہ شارٹ بلے باز کے لئے سود مند ہوتا ہے وہیں بلے باز اس شارٹ کے ذریعے رسک لیتا ہے اور اس کے آئوٹ ہونے کے چانس بھی بڑھ جاتے ہیں۔ اس شارٹ کو ختم نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ "دوسرا ” بال کو ختم کرنے سے آف سپنر کا کردار محدود طرز کی کرکٹ میں بہت کم ہوگیا ہے۔ ڈی آر ایس سسٹم میں تبدیلی کے حوالے سے رمیز راجہ نے کہا کہ ڈی آر ایس کے لئے صرف کپتان کی بجائے وکٹ کیپر اور باولر کو بھی اجازت دینی چاہیے کہ وہ ڈی آر ایس آپشن کا استعمال کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی جیسے تباہ کن فیلڈرز میچ کے اختتامی لمحات میں باونڈری لائن پر فیلڈنگ کر رہے ہوتے ہیں اور جب وہ ڈی آر ایس لینے کے لئے امپائر کے پاس پہنچتے ہیں اس وقت تک ٹائم آئوٹ ہو جاتا ہے۔ اس لئے کیپر اور بولر کو بھی چانس دیا جائے کہ وہ ڈی آر ایس کے آپشن کا استعمال کر سکیں۔ رمیز راجہ نے جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کو پی سی بی اور شائقین کرکٹ کی بہت بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدتوں سے کوشش ہو رہی تھی کہ کوئی بڑی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے۔ پی سی بی نے اس سال انٹرنیشنل اور پی ایس ایل کے میچز کا ایس او پیز کو سامنے رکھ کر کامیاب انعقاد کرکے ثابت کردیا کہ پاکستان کھیلوں کے لئے ایک محفوظ ملک ہے۔ بڑی ٹیموں کے پاکستان آکر کھیلنے سے اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی اور نئے ٹیلنٹ کا امتحان ہوگا۔ دنیائے کرکٹ کے لئے یہ ایک معمولی بات ہوگی مگر پاکستان کرکٹ کے لئے یہ ایک بہت بڑی خبر ہے۔