کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال میں فاصلاتی نظام تعلیم کی اہمیت بڑھ گئی ہے، تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پاکستان برطانیہ ایجوکیشن گیٹ وے کانفرنس سے خطاب

157

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال میں فاصلاتی نظام تعلیم کی اہمیت بڑھ گئی ہے، تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے، اس سلسلہ میں ایسے طریقوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جو محض اشرافیہ کیلئے مختص نہ ہوں بلکہ تعلیم کا حصول آسان اور ارزاں ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پاکستان برطانیہ ایجوکیشن گیٹ وے کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن، وزارت تعلیم اور برٹش کونسل کے اقدامات اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران تعلیم کا شعبہ بہت متاثر ہوا ہے تاہم اس صورتحال میں تعلیمی میدان میں امکانات بھی پیدا ہوئے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس بحران میں فاصلاتی نظام تعلیم کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے، اس سلسلہ میں ٹیکنالوجی کی اہمیت بھی بڑھی ہے، ٹیکنالوجی کی مدد سے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے میں مدد ملی ہے تاہم اس ضمن میں یہ پہلو مدنظر رکھا جانا چاہئے کہ ایسے طریقے بروئے کار لائے جائیں جن کے ذریعے عام لوگوں کیلئے تعلیم کا حصول ارزاں اور آسان ہو۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان بتدریج غیر اشرافیہ معاشرے کے قیام کی جانب گامزن ہے، تعلیم کے میدان میں ایسے طریقے رائج نہیں کئے جانے چاہئیں جو صرف اشرافیہ کیلئے مختص ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے، اس مقصد کیلئے تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جا رہی ہے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ورچوئل یونیورسٹی پہلے سے فاصلاتی تعلیم کی فراہمی کے شعبہ میں گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں، کورونا کی وبا سے اس نظام کی افادیت ثابت ہوئی ہے، جدید ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لاتے ہوئے جتنا جلدی اس نظام کی طرف بڑھیں گے تعلیم کی فراہمی کے مقاصد کے حصول میں اتنی زیادہ مدد ملے گی۔ اس حوالہ سے طلباءکی رہنمائی اور معاونت کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو بھی جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال کی تربیت فراہم کرکے مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے برٹش کونسل کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے اس تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ صدر عارف علوی نے اس سلسلہ میں سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کی بھی تعریف کی