نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی غلطیوں کو نہیں دہرانا چاہیے‘ رمیز راجہ

108
رمیز راجہ

اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں عقلمندی کے ساتھ فتح حاصل کی‘ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی غلطیوں کو نہیں دہرانا چاہیے‘ پاور پلے میں وکٹیں گنوا کر میچ میں فتح نہیں حاصل کی جاسکتی۔ منگل کو سوشل میڈیا پر اپنے انٹرویو میں رمیز راجہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میں جیت سے نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ محمد رضوان نے اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیل کر پرانے گلے شکوے دور کردیئے‘ انہوں نے ثابت کیا کہ وہ چھکے اور چوکے بھی لگا سکتے ہیں۔ رمیز راجہ نے کہا کہ ٹارگٹ کے تعاقب میں پاور پلے میں وکٹیں گنوا کر میچ میں فتح نہیں حاصل کی جاسکتی۔ نوجوان کھلاڑی حیدر علی اور عبداللہ شفیق کو رضوان کی اننگز سے سیکھنا چاہیے‘ انہیں اپنی غلطیاں دہرانی نہیں چاہئیں۔ نوجوان کھلاڑی جب انٹرنیشنل کرکٹ میں آتا ہے تو اس کے پاس بہت تجربہ ہوتا ہے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ تیسرے میچ میں پاکستانی باولنگ اچھی نہیں تھی‘ وکٹیں لینے کے بعد رنز کی رفتار رکنے کی بجائے تیز ہوگئی۔ فہیم اشرف نے بہترین بائولنگ کرکے اپنے کیریئر میں شاندار کم بیک کیا۔ فیلڈنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی فیلڈنگ ہمیشہ کی طرح اچھی نہیں رہی۔ ایک دو کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی خاص فیلڈر نہیں ہے۔ اچھی فیلڈنگ کے بنا جیتنا مشکل ہو جاتا ہے۔ جب نوجوان کھلاڑی مس فیلڈنگ کریں گے تو مورال نیچے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ پاکستان نے میچ میں فتح حاصل کی‘ اس سے نوجوان کھلاڑیوں میں اعتماد آئے گا۔ اس جیت سے قومی ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں مثبت سوچ کے ساتھ اترنا چاہیے۔