سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کو معاشی اور صنعتی اہداف حاصل کرنے میں مد دملے گی ، سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کی چین کی سفیر نوگ رونگ سے گفتگو

101

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کو معاشی اور صنعتی اہداف حاصل کرنے میں مد ملے گی اور پورے خطے میں ترقی کی راہ ہموار ہو گی۔ موجودہ حکومت چین کے ساتھ مثالی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے تک کے لیے پر عزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پاکستان میں چین کی سفیر نوگ رونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاوس میں اسپیکر سے ملاقات کی ۔ اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دوستانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات باہمی اعتماد و احترام ،تجارت ، معاشی تعاون اور خطے کی ترقی پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں دوست ممالک کے مابین تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں اور اُن کی بنیادی وجہ علاقائی فورموں پر چینی تعاون پر اعتماد کر سکتا ہے۔ انہوں نے ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پارلیمانی رابطوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر چینی نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی تجویز سے اتفاق کیا۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک اور پورے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف پاکستان میں معاشی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گا بلکہ اس کے فوائد کو پورے خطے کے دیگر ممالک تک بھی بڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سی پیک کے منصوبوں کی مکمل نگرانی کر رہا اور سی پیک کے معاشی فوائد کو بڑھانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز ، دانشوروں اور معاشرے کے دیگر طبقات کو متحرک کرنے کے لئے سیمینار کا ایک سلسلہ ترتیب دیا گیا ہے۔ سیمیناروں کے اس سلسلے کا پہلا سیمینار پشاور میں منعقد ھوا جبکہ دوسرا مظفرآباد اور تیسرا سیمینار لاھور میں جنوری میں منعقد کرایا جائے گا۔ چین کے سفیر نونگ کانگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات غیر معمولی ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں تقویت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین باہمی تعاون دونوں ملکوں کی قیادت کو ایک دوسرے کے ساتھ وابستگی کی واضح عکاسی ہے۔ سفیر نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے کی تکمیل سے خطے کے عوام کے لئے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے شروع ہوتے ہی سماجی و اقتصادی ، صنعتی ، زراعت، سائنسی اور تکنیکی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کی تکمیل سے خطے کی تقدیر بدل جائے گی اور پاک چین تعلقات کے ایک نئے دور کی شروعات ہوگی۔ انہوں نے اسپیکر کو آگاہ کیا کہ ورچوئل کانفرنس کے انعقاد کے لئے وقت اور تاریخ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مابین باہمی مشاورت سے طے کی جائے گی۔