نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 101رنز سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1کی برتری حاصل کرلی، فواد عالم کی سنچری رائیگاں، کین ولیمسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

48

مائونٹ مانگنوئی۔30دسمبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 101رنز سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں 0-1کی برتری حاصل کرلی، 373رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم میچ کے پانچویں اور آخری روز 271رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، فواد عالم کی سنچری رائیگاں گئی، فواد عالم نے 11 برس بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری سکور کی جو ان کے کیرئیر کی دوسری سنچری ہے ۔ فواد عالم کی سنچری میں 14 چوکے شامل تھے۔ اس سے قبل فواد عالم نے 2009 میں اپنے ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری سکور کی تھی۔کیوی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز کین ولیمسن کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بدھ کو باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز جب پاکستان ٹیم کھیلنے کے لئے آئی تو اس کو میچ میں کامیابی کے لئے 302رنز جبکہ میزبان ٹیم کو 7وکٹیں درکار تھیں۔ سابق کپتان اظہرعلی نے 34اور فواد عالم نے 21کے انفرادی رنز کے ساتھ دوسری ادھوری اننگز شروع کی ۔ اظہر علی اپنے گزشتہ روز کے سکور میں صرف 4 رنز کے اضافے کرنے کے بعد 38 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ان کو ٹرینٹ بولٹ نے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔ اظہرعلی کے آئوٹ ہونے کے بعد فواد عالم کیوی بولرز کے سامنے ڈٹ گئے اور کپتان محمد رضوان نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔فواد عالم نے 11 برس بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری سکور کی جو ان کے کیرئیر کی دوسری سنچری تھی۔ فواد عالم کی سنچری میں 14 چوکے شامل تھے۔ اس سے قبل فواد عالم نے 2009 میں اپنے ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری سکور کی تھی۔فواد عالم 102 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر نیل ویگنر کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے جبکہ محمد رضوان بھی 60 رنز پرکائل جیمیسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہو گئے۔ فواد عالم اور محمدرضوان کے درمیان پانچویں وکٹ پر 165 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ان کے بعد کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکا ۔فہیم اشرف 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ یاسر شاہ بغیر کوئی رن بنائے اور محمد عباس ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔ نسیم شاہ پاکستان کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو ایک رن بناکر سینٹنر کی گیند پر آئوٹ ہوگئے ۔ شاہین شاہ آفریدی 8رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان ٹیم 373رنز ہدف کے تعاقب میں میچ کے آخری روز 271رنز بناکر آئوٹ ہوگئی یوں میزبان ٹیم نے پاکستان کو 101رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-1رنز کی برتری حاصل کرلی۔نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم سائوتھی، ٹرینٹ بولٹ،کوئل جیمیسن ، نیل واگنراور مچل سینٹنر نے دو ، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔