اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعظم عمران خان کاروزمرہ اشیاء کی قیمتوں کے جائزہ اجلاس میں اظہارخیال

92

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے اشیاء خوردنی میں ملاوٹ کرنے والے عناصر اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی لوگوں کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے، چینی کی صنعت میں ٹیکس چوری میں ملوث شوگر مِلّوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، گذشتہ دوماہ میں اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا جو رجحان دیکھنے میں آیا ہے اس کے تسلسل کو قائم رکھنے کیلئے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو روزمرہ اشیاء کی قیمتوں کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، محمد حماد اظہر، مشیران ڈاکٹر عشرت حسین، عبدالرزاق داؤد، معاونینِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، شہباز گل، عثمان ڈار، ڈاکٹر وقار مسعود، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اور وفاقی و صوبائی اعلی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو چینی اور آٹے کی قیمت میں کمی کے بارے آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ آلو، پیاز اور مرغی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی اور اس کے مثبت اثرات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ کنزیومر پرائس انڈیکس افراطِ زر کی موجودہ شرح حکومتی اقدامات کی بدولت پچھلے سال سے 4.4 فیصد اور اسی سال پچھلے ماہ سے 0.9 فیصد کم ہوئی ہے جو کہ خوش آئند بات ہے۔ وزیرِ اعظم کو آگاہ کیاگیا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی 68 روپے فی کلومیسر رہی اور مارکیٹ میں قیمت ذیادہ ہونے کے باوجود ابھی بھی اسی قیمت پر دستیاب ہے۔ وزیرِ اعظم کو موسمی طلب کے باعث اشیاء خوردونوش کی طلب و قیمت اور خصوصاً کورونا وبا کی وجہ سے بین الاقوامی منڈیوں میں بڑھتی قیمتوں کے مقامی قیمتوں پر دباؤ کے بارے بھی بتایا گیا۔ اشیاء خوردونوش کی رسد کو بڑھانے اور زراعت کے شعبے کی بہتری کیلئے بنائی گئی حکمتِ عملی کے بارے بھی آگاہ کیا گیا۔وفاقی وزیر صنعت و پیداوار محمد حماد اظہر نے اجلاس کو گھی کی قیمت میں کمی لانے کیلئے شعبے سے متعلقہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے لائحہ عمل کو جلد عملی جامہ پہنانے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیرِ اعظم نے اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں استحکام کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کسی بھی بحران سے بچنے کیلئے طلب اور رسد کے اعشاریوں کی کڑی نگرانی کی ہدایات دیں۔ وزیرِ اعظم نے اشیاء خوردو نوش میں ملاوٹ کرنے والے عناصر اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی لوگوں کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیرِ اعظم نے گندم کی طلب، موجودہ سٹاک اور آنے والی فصل کو مد نظر رکھتے ہوئے وزارتِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو ادارہ شماریات کے اشتراک سے سالانہ پلان بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ وزیراعظم نے چینی کی صنعت میں ٹیکس چوری میں ملوث شوگر مِلّوں کی نشاندہی اور انکے خلاف قانونی کاروائی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات دیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ گذشتہ دوماہ میں اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا جو رجحان دیکھنے میں آیا ہے اس کے تسلسل کو قائم رکھنے کیلئے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔