اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مشرق وسطیٰ اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ کرک مندر پر حملے کے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج ہو چکی ہے۔ مرکزی ملزمان سمیت 31 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پاکستان کی ریاست اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور پاکستان کے علماء و مشائخ اس طرح کی کسی بھی دہشت گردی کی کسی صورت حمایت نہیں کر سکتے اور کسی کو اجازت نہیں کہ کسی بھی مذہب کے ماننے والوں کے مقدسات کی بے حرمتی کرے۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں رہنے والی ہندو برادری کو یقین دلاتے ہیں کہ ریاست پاکستان اور پاکستان کے تمام مذاہب اور مسالک کے لوگ اس افسوسناک واقعہ کے خلاف ان کے ساتھ ہیں اور کسی کو بھی قطعی طور پر یہ اجازت نہیں دی جا سکتی ہے کہ وہ قانون کو ہاتھ میں لے اور کوئی گروہ یا جتھہ یا جماعت پاکستان میں رہنے والے کسی بھی پاکستانی کے لئے خوف کا سبب بنے۔