
اسلام آباد ۔ 6 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،سول اور فوجی قیادت نے واضح پیغام دیا ہے کہ ملک کی جانب میلی نظر سے دیکھنے والی آنکھیں نکال دیں گے۔ جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے دوران صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو تنہا کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کے لئے تمام ضروریات پوری کی ہیں اور آئندہ بھی کریں گے،ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور اسے ناقابل تسخیر بنانے کے لئے تمام وسائل فراہم کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان، پارلیمنٹ، سول و دفاعی اداروں اور پوری قوم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی ہے، اس کے خلاف سفارتی سطح پر اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، اسے تنہا نہیں کیا جا سکتا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بحثیت قوم بھارت کے ناپاک عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اس سلسلے میں دنیا کو آگاہی دے رہے ہیں۔ عمران خان کی احتجاجی سیاست کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دھرنوں کا ملک کو کوئی فائدہ نہیں، اگر سیاست کرنی ہے تو ایشوز کی سیاست کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ احتجاجی سیاست کرنے والوں کو 2018 کے انتخابات کے نتائج نظر آرہے ہیں، انہیں موجودہ صورتحال میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔