جبوتی کے وفد کو پاکستان کے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات میں ادارے کے اغراض و مقاصد، کارکردگی اور کام کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ

71

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرنے والے جبوتی کے وفد کو پاکستان کے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات میں ادارے کے اغراض و مقاصد، کارکردگی اور کام کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے ابتدا میں چیئرمین سینیٹ نے وفد کو خوش آمدید کیا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2021پاکستان جبوتی دوستی کا سال ہو گا اور اس سال کے دوران دونوں ممالک پارلیمانی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے ملکر کام کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے جبوتی کے پارلیمان کے صدر محمد علی حاومید اور اُن کے وفد اس دورے کو انتہائی اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کے پلیٹ فارم سے جبوتی کے اراکین پارلیمنٹ اور پارلیمانی اسٹاف کو ٹریننگ اور تربیتی ورک شاپ کیلئے ذریعے استعداد کار میں اضافے کیلئے اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر جبوتی کے وفد کو نئے سال کی مبارک باد بھی دی جبکہ جبوتی کی پارلیمان اور پپس کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے ایم او یو پر دستخط بھی کئے گئے۔ پارلیمانی وفد کے سربراہ نے دورے کو انتہائی خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پپس کا دورہ کر کے انہیں انتہائی خوشی ہوئی ہے اور جبوتی کی پارلیمان اس پلیٹ فارم سے یقینا استفادہ کر سکتی ہے۔ بعد ازں پپس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد انور نے پپس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پپس اپنی نوعیت کا ایک ایسا ادارہ ہے جو کہ قومی سطح پر پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین اور اسٹاف کی استعداد کار بڑھانے کیلئے تربیتی کورسز اور ورک شاپس ترتیب دیتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر بھی بین الاقوامی پارلیمانوں کو خدمات پیش کر چکا ہے۔ وفد کے اراکین نے بریفنگ کو انتہائی اہم قرار دیا او ر چیئرمین سینیٹ کی سربراہی میں پپس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔