اسلام آباد ۔ 6 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ اگرعالمی برادری نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کو نہ روکا تو انسانی المیہ رونما ہو سکتا ہے۔دنیا کو بھارتی فورسز کی انسانیت کیخلاف جرائم اور نسل کشی کا فوری نوٹس لینا چاہیئے۔جمعرات کو ہفتہ وارپریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس ذکریا نے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ادویات،خوارک،پانی اوردیگر ضروریات زندگی ناپید ہو چکی ہیں اورکسی بھی وقت بہت بڑا انسانی المیہ رونما ہو سکتا ہے۔ترجمان نے عالمی برادری بالخصوص سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان پرزوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کی وجہ سے انسانی المیہ روکنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ اب تک بھارتی فورسز کے مظالم سے 110کشمیری شہید اور 1500سے زائدزخی ہوچکے ہیں۔ترجمان نے کہا بھارتی فورسز نے سیدعلی گیلانی اورآسیہ اندرابی سمیت تمام حریت رہنماوں کو جیلوں میں بندکررکھا ہے اوران کے ساتھ نارروا سلوک کیا جارہا ہے۔ترجمان نے کشمیری رہنماوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی اوربھارت پرزوردیا کہ کشمیری رہنماوں کو جلد از جلد رہا کیا جائے۔ ترجمان نے پاکستان کو تنہا کرنے سے متعلق غیر ملکی اخبارمیں چھپنے والے آرٹیکل کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کیا۔