لاہور۔2جنوری (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہاہے کہ پی ڈی ایم جماعتوں کی سیاسی کہانی ختم ہوچکی انکی تمام سازشیں بھی ناکام ہی ہوں گی ،پی ڈی ایم کو چاہیے کہ وہ سڑکوں پر لانگ مارچ کر نے کی بجائے عام انتخابات کا انتظار کر ے کیونکہ لانگ مارچ سے حکومت ٹس سے مس بھی نہیں ہوگی اور2023تک عمران خان ہی پاکستان کے وزیر اعظم رہیں گے ،تحر یک انصاف کی پہلی حکومت ہے جو تمام اداروں کی مضبوطی کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے،ریسکیو 1122کی کارکردگی پر پوری قوم فخر کرتی ہے۔ وہ ہفتہ کے روز پیر محل میں ریسکیو1122کے سنٹر کا افتتاح کر نے کے موقع پر تقر یب سے خطا ب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر تحر یک انصاف کے مر کزی نائب صدر چوہدری اشفاق، ایم این اے ریاض فتیانہ،ایم پی اے سعید احمد سعدی اور ڈی جی ریسکیو1122ڈاکٹر رضوان نصیر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم ہر اجلاس میں کوئی نہ کوئی نیا فیصلہ کر رہی ہے اور حکومت کو آئے روز نئی دھمکی دے رہی ہے مگر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت متحد اورمضبوط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اگر حکومت کیخلاف کوئی لانگ مارچ کر نا چاہتی ہے تو اپوزیشن شوق پورا کر لے یہ انکا جمہوری حق ہے مگر یہ کہنا کہ کسی لانگ مارچ سے حکومت ختم ہوجائے گی تو ایسا صرف پی ڈی ایم کے لوگ خواب ہی دیکھ سکتے ہیں حقیقت میں ایسا نہیں ہوگا۔ ایک اور سوال کے جواب میں چوہدری محمدسرور نے کہا کہ2020میں کورونا کی وجہ سے پاکستان کو معاشی سمیت دیگر شعبوں میں بہت سے چیلنجز کا سامنا کر نا پڑ ا ہے مگر مجھے یقین ہے کہ نیا سال پاکستان میں روزگار اورمعاشی ترقی کے حوالے سے اہم ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے غر بت اور مہنگائی جیسے مسائل کو ختم کیا جائے گا جس کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت تمام وسائل استعمال کر ے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ نیب اگر اپوزیشن کے لوگوں سے کر پشن کے بارے میں تحقیقات کر رہا ہے تواس سے حکومت کا کیا تعلق ہے؟ہم پہلے دن سے ہی یہ کہہ رہے ہیں کہ کر پشن کر نیوالوں کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو اس کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاسی انتقام کی باتوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں کس کو کب گر فتارکر نا ہے اس کافیصلہ حکومت نہیں نیب خود کرتی ہے۔ تقریب سے خطاب کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ریسکیو1122کی بنیاد رکھنے میں میرا بھی کردار ہے ، میں نے ریسکیو اہلکاروں کو بر طانیہ سے بھی تر بیت دلوائی اور یہ وہ ادارہ ہے جو امیر غر یب کی تفر یق کے بغیر صرف اور صرف انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتے ہوئے کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی 1122پر کوئی مشکل وقت آتا ہے تو میں انکے ساتھ کھڑا ہوتا ہوں اور22کروڑ پاکستانی اس پر فخر کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران بھی راشن کی فراہمی کیلئے ریسکیو1122کے اہلکار جو کام کرتے رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔