کرائسٹ چرچ ٹیسٹ،قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 297 رنز پر آوٹ

56

کرائسٹ چرچ۔3جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 297 رنز پر آوٹ ہو گئی‘ اظہر علی نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے‘ کپتان محمد رضوان نے 61 رنز کی اننگز کھیلی‘ کائل جیمیسشن نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اتوار کو ہیگلے اوول میں کھیلے جانے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک بار پھر کپتان بابراعظم کے بغیر میدان میں اتری۔ قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز ایک بار پھر اچھا سٹارٹ دینے میں ناکام رہے۔ شان مسعود صفر پر آوٹ ہوئے جبکہ عابد علی 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ حارث سہیل ایک اور پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے فواد عالم صرف دو رنز بنا سکے۔ کھانے کے وقفے پر پاکستان کا سکور چار وکٹ پر 88 رنز تھا۔ بارش کے سبب کھیل 40 منٹ رکا رہا۔ کپتان محمد رضوان نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے اظہر علی کے ساتھ مل کر 88 رنز کی شراکت قائم کی‘ محمد رضوان 61 رنز بنا کر آو ٹ ہوئے۔ رضوان کے بعد فہیم اشرف نے اظہر علی کے ساتھ مل کر پاکستان کے سکور کو آگے بڑھایا‘ دونوں بلے بازوں نے مجموعی سکور میں 56 رنز کا اضافہ کیا۔ فہیم اشرف نے 48 رنز بنائے اور اظہر علی نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 93 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ ٹیسٹ کیریئر کا پہلا میچ کھیلنے والے ظفر گوہر نے 34 رنز سکور کئے۔ شاہین آفریدی 4 اور نسیم شاہ 12 رنز بناکر پوویلین لوٹے۔ نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن نے 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ ٹم ساوتھی اور ٹرینٹ بولڈ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ نیل ویگنر کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے میٹ ہنری نے ایک وکٹ حاصل کی۔