
اسلام آباد ۔ 6 اکتوبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین کی سربراہی میں قائم کردہ فیڈرل گورنمنٹ آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کی سٹیرنگ کمیٹی کے جمعرات کو ایوان صدر میں منعقدہ پانچویں اجلاس میں چونتیس ضرورت مند فنکاروں کیلئے نوے لاکھ روپے سے زائد گرانٹ کی منظوری دیدی گئی ہے جو تمام صوبوں سے نمائندگی کرنے والے فنکاروں میں تقسیم کی جائے گی۔ صدر مملکت نے اس موقع پرکہا کہ فنکار ہمارا اثاثہ ہیں، وہ ملک اور بیرون ملک پاکستانی کلچر اور پاکستان کاسافٹ امیج متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اسلئے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے حکومت نے کمیٹی بنائی ہے تاکہ ان کے مالی مسائل کا حل تلاش کیا جاسکے اور ضرورت مند فنکاروں اور اداکاروں کی بروقت اوربلاتفریق مد د کی جا سکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدہ ہے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر نا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنکار، شاعر اور مصنف ہماری ثقافت کے سفیر ہوتے ہیں اور اپنی ثقافت اجاگر کرنے کیلئے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔