پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی کرپٹ قیادت مختلف حربوں کے ذریعے بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے، وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا

50

اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل جماعتوں کی کرپٹ قیادت مختلف حربوں کے ذریعے بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے، عوام نے پی ڈی ایم کی ذاتی مفادات پر مبنی سیاست کو مسترد کردیا ، عوام پی ڈی ایم کے ریاست مخالف ایجنڈے کی حمایت نہیں کررہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف طریقہ سے سینٹ کے انتخابات کرانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمنٹیرینز اسمبلی سے استعفی نہیں دیں گے اور وہ آئندہ سینٹ انتخابات اور ضمنی انتخابات میں بھی حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف مفرور کے طور پر جانے جاتے ہیں اور ان کی صاحبزادی مریم نوازتصدیق شدہ جھوٹی ہیں کیونکہ مریم نواز نے ہمیشہ اپنی جائیداد کے بارے میں جھوٹ بولا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ حکومت مہنگائی کو کم کرنے کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے تاکہ عام لوگوں کو ریلیف مل سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عدالت کے روبرو پوری رقم کی ٹریل فراہم کرچکے ہیں اور عدالت نے انہیں دیانتدار قرار دیا۔