اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر محمود نے کہا ہے کہ موجودہ پاکستانی کوچنگ سٹاف کے پاس آگے بڑھنے کا کوئی وژن نہیں ہے‘ بابراعظم کی عدم موجودگی سے پاکستان کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیم کی شکست کے حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ سلیکشن کا عمل شفاف بنانے کی ضرورت ہے بصورت دیگر وہی نتائج برآمد ہوں گے۔ مجھے موجودہ ٹیم مینجمنٹ میں کوئی وژن نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ تو موجود ہے لیکن کوئی انہیں صحیح راہ پر نہیں لے جارہا۔میرے خیال میں کارکردگی دکھانے والوں کو شفاف طریقے سے چانس دینے کی ضرورت ہے۔ اظہر محمود نے کہا کہ بابراعظم کی عدم موجودگی سے پاکستان کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ امید ہے آئندہ سیریز کیلئے معاملات بہتر ہو جائیں گے۔