اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر دسمبر میں ریکارڈ ترسیلات زر پر سمندر پار پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پہلی مرتبہ مسلسل 6 ماہ کے دوران ترسیلات زر کا ماہانہ حجم 2ارب ڈالر سے زیادہ رہا ہے۔ جمعہ کو ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ دسمبر میں 2 ارب 40 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر پر سمندر پار پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ملک میں پہلی مرتبہ مسلسل 6 ماہ کے دوران ترسیلات زر کا ماہانہ حجم 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہا ہے اور رواں مالی سال کے 6 ماہ کے دوران مجموعی ترسیلات زر کا حجم 14 ارب 20 کروڑ ڈالر ہے جو کہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 24.9 فیصد زیادہ ہے۔