وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے فیسکو کے نئے تعمیرشدہ66کے وی موسیٰ خیل گرڈسٹیشن کا افتتاح کردیا

79

فیصل آباد۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے فیسکو کے نئے تعمیرشدہ66کے وی موسیٰ خیل گرڈسٹیشن کا افتتاح کردیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت لوگوں کو بنیادی سہولیات انکی دہلیز تک پہنچانے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور اس سلسلہ میں تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس گرڈ سٹیشن کی تعمیر مذکورہ علاقے کی عوام کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ یہاں کی عوام کا دیرینہ مسئلہ تھانیزصارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے132کے وی میانوالی گرڈسٹیشن اوورلوڈ تھا جس کے باعث صارفین کو وولٹیج کی کمی کے مسائل کا سامنا تھا لہٰذاحکومت پاکستان کے ویژن کی روشنی میں چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر ارشد منیر کی زیرقیادت فیسکو اتھارٹی نے نئے 66کے وی موسیٰ خیل گرڈسٹیشن کی تعمیر کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اس گرڈسٹیشن کی تعمیر سے موسیٰ خیل اور نواحی علاقوں کے صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی ممکن ہوگی اور انہیں وولٹیج کی کمی جیسے مسائل نہیں ہوں گے۔وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے موسیٰ خیل گرڈسٹیشن پر پودابھی لگایا۔اس موقع پر چیف انجینئر (ٹی اینڈجی)اواینڈیم فیسکو شیخ بشیراحمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ یہ گرڈسٹیشن 2019-20میں تجویز کیا گیا تھا لہٰذا چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر ارشد منیر کی ہدایت پر نئے 66کے وی موسیٰ خیل گرڈسٹیشن کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فیسکو نے اپنے ذرائع سے اس گرڈسٹیشن کو 2کروڑ 60لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا ہے اوریہاں 10/13ایم وی اے کا پاورٹرانسفارمربھی نصب کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس گرڈسٹیشن کے قیام سے 132کے وی میانوالی گرڈسٹیشن کو ریلیف ملے گا اورموسیٰ خیل سٹی،دلیلی والا، رکھی اور ملحقہ علاقوں کے صارفین اس سے استفادہ کرسکیں گے جبکہ فیسکو کے سسٹم کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگااور فیڈروں کی لمبائی کم ہونے سے ہائی ٹیکنیکل لاسز میں بھی واضح کمی واقع ہوگی۔اس موقع پر سپرنٹنڈنگ انجینئر (آپریشن) میانوالی سرکل جام گل،سپرنٹنڈنگ انجینئر جی ایس او محمد اکرم،ایکسین ایس ایس اینڈ ٹی ڈویژن شیرازشیخ،ایکسین سول ورکس شکیل حیدراور دیگر فیسکو افسران و سٹاف ممبران بھی موجود تھے۔