رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں 24.9 فیصد اضافہ ، سٹیٹ بینک آف پاکستان

61
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں 24.9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں جولائی تا دسمبر 2020 کے دوران ترسیلات زر کی وصولیاں 14.2 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں جو گزشتہ مالی سال کے جولائی تا دسمبر 2019 کے مقابلہ میں 24.9 فیصد زائد رہی ہیں۔ ایس بی پی کے مطابق امریکا سے بھیجی گئی ترسیلات زر 159.2 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 230.2 ملین ڈالر جبکہ برطانیہ سے رقوم کی وصولی 229 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 326.9 ملین ڈالر تک برھ گئی۔ اس طرح سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 577 ملین ڈالر پاکستان منتقل کئے تھے جبکہ رواں مالی سال کے اسی عرصہ میں ترسیلات زر کی وصولیاں 624.8 ملین ڈالر تک برھ گئیں۔ مزید برآں دبئی سے ترسیلات زر کی وصولی 456.6 ملین ڈالر، ابوظہبی سے 51 ملین ڈالر، شارجہ سے 5.5 ملین ڈالر، بحرین سے 40 ملین ڈالر، کویت سے 64 ملین ڈالر اور قطر اور اومان سے 89 ملین ڈالر پاکستان بھیجے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2019 میں یورپی ممالک سے 150 ملین ڈالر جبکہ نومبر 2020 میں 219 ملین ڈالر کی ترسیلات زر کی گئی تھیں جو دسمبر 2020 کے دوران 246 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔