سیالکوٹ ۔12جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برا ئے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھادیں گے۔ حکومت نے عوام کی فلاح و بہبو د اور بہتری کے لئے جو منصوبے شروع کئے ہیں ان کے ثمرات لوگوں تک پہنچانا وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے،اور سیالکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری اور منصوبے ٹیکس دہندگان کے نام کیے جا رہے ہیں انسانی ترقی حکومتی ایجنڈے میں سر فہرست ہے تاکہ پاکستان کے ہر شہری کے معیار زندگی میں اضافہ ہوسکے،انہوں نے کہا کہ غربت کے مسائل کو کم کرنے کے لئے حکومتی سطح پر مختلف فلاحی پالیسیوں پر عملدرآمد کیا جارہا ہے اور سرکاری وسائل کے ثمرات ہر مستحق شہری تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی برا ئے امور نوجواناں محمد عثمان ڈار نے یونین کونسل حاجی پورہ اور فتح گڑھ میں ترقیاتی کام مکمل ہونے پر عوام سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سٹی ڈسٹرکٹ کارپوریشن کے صدر مہر کاشف، ضلعی رہنما عامر ڈار، سٹی ڈسٹرکٹ کارپوریشن کے سیکرٹری اطلاعات ونشریات میاں اعجاز جاوید اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی،محمد سرور،میاں حماد اسلم، علی احمد،ڈاکٹر احمد وقاص،عامر گل مسیح نے بھی افتتاح کیا،مختلف علاقوں میں افتتاح کے موقع پر خواجہ عدنان، میاں عامر حبیب، ساجد جٹ، چوہدری عنصر لطیف، عمران بٹ اور دیگر مقامی نمائندگان بھی ہمراہ موجود تھے اور زیادہ ٹیکس دینے والے ان شہریوں کے ناموں کی ترقیاتی تختیوں پر نام لکھوائے گئے تاکہ زیادہ ٹیکس دینے والے شہریوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔ محمد عثمان ڈار نے کہا کہ سرکاری اداروں کی اصلاح کرکے سروس ڈیلوری کے معیار کو مزید بلند کریں گے جس سے لوگوں کے مسائل تیزی سے حل ہوں گے اور شفاف ترقیاتی عمل یقینی بنایاجاسکے گا۔مہر کاشف نے کہا کہ ملک کے عوام عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں،تاریخ گواہ ہے کہ لانگ مارچ سے حکومتیں نہیں گرائی جاتی عمران خان کی حکومت اپنی مدت پوری کریگی۔