وفاقی وزیر فخر امام سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ کی ملاقات

57
پاکستان میں اس سال 4 فصلوں میں ریکارڈ پیداوار ہوئی ، یوریا کھاد کی قلت نہیں،ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کریں گے، سید فخرامام

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سیّد فخر امام سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی۔ بدھ کو ہونے والی ملاقات میں پاک۔چین تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے چینی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات دوطرفہ تعاون اور مثالی دوستی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے چینی سفیر کو تجویز دی کہ دونوں ممالک کے درمیان زرمبادلہ کے تبادلہ کے پروگرام شروع کئے جانے چاہئیں۔ اس کے علاوہ تعلیم و تحقیق کے ساتھ ساتھ زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے بھی چینی حکومت کو تعاون کرنا چاہئے۔ چینی سفیر نونگ رونگ نے وفاقی وزیر کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں زراعت، صنعت اور شہری ترقی کے شعبوں میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے آن لائن زرعی انفارمیشن ایکسچینج پلیٹ فارم بنانے کی بھی تجویز دی۔ ملاقات کے آخر میں مل جل کر کام کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور مستقبل میں بھی بامقصد والہانہ، خوشگوار اور نتیجہ خیز تعلقات جاری رکھنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔