آئرلینڈ نے یو اے ای کو چوتھے ون ڈے میچ میں شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی، سیمی سنگھ کی میچ میں شاندار ففٹی اور 5 وکٹیں

77

ابو ظہبی۔18جنوری (اے پی پی):آئرلینڈ نے متحدہ عرب امارات کو چوتھے ون ڈے میچ میں 112 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی، سیمی سنگھ شاندار ففٹی اور 10 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرکے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، کرٹس کامفر کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔ پیر کو شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے گئےآئرلینڈ اور یو اے ای سیریز کے چوتھے اور آخری ون ڈے میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آئرلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے۔ آئرلینڈ کے ابتدائی بلے بازوں نے مایوس کن بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، 3 بلے باز 10 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ کرٹس کامفر 56 رنز اور سیمی سنگھ 54 رنز کے ساتھ بہترین بلے باز رہے جبکہ ہیری ٹیکٹور اور لورکن ٹوکر 42 رنز کی اننگز کھیلی۔ یو اے ای کی طرف سے ظہور خان نے 3 ، احمد رضا نے 2 اور کاشف دائود نے 1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ 229رنز کے ٹارگٹ کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم ناکام ثابت ہوئی۔ یو اے ای کا کوئی بلے باز آئرلینڈ کے بائولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکااور 36 اوورز میں ہی پوری ٹیم 116 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ زوار احمد 28 رنز اور کاشف دائود 20رنز بنا سکے۔ آئرلینڈ کے آل رائونڈر سیمی سنگھ نے بیٹنگ میں اپنے جوہر دکھانے کے بعد بائولنگ میں بھی صرف 10 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے میں فتح دلا دی۔ سیمی سنگھ نے ون ڈے تاریخ کی 5ویں بہترین بائولنگ کی۔ کیون اوبرائن ، اینڈی میک برائن اور گیرتھ ڈیلانے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح آئرلینڈ نے 112 رنز سے فتح اپنے نام کرکے سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ سیمی سنگھ کو بہترین آل رائونڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ کرٹس کامفر کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔