اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اسلام آباد میں دھرنے اور احتجاج کے نام پر مذاق کیا ہے، جلسے میں گاڑیاں زیادہ اور لوگ کم تھے، آج اپوزیشن نے الیکشن کمیشن کے باہر مرحوم پی ڈی ایم کا قل پڑھوا دیا ہے، تحریک انصاف حکومت اپوزیشن کے احتجاج کی وجہ سے مزید مضبوط اور عوام میں مقبول ہوئی ہے۔ منگل کو محمود خان اچکزئی کے سرکاری گودام لوٹنے کے بیان پر نجی ٹی وی چینل پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک ڈاکو نے ڈکیتی کی اجازت مانگی ہے، حکومت کسی کو بھی جرائم اور ڈکیتی کی اجازت ہرگز نہیں دے گی، اگر قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو پھر قانون اپنا راستہ نکالے گا۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ محمود خان اچکزئی سمیت دیگر پی ڈی ایم رہنمائوں کے سارے خاندانوں کے مفادات پاکستان کے اندر ہیں اور چوری کے مال کی بنائی گئی جائیدادیں بیرون ملک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز قوم کو بتائیں کہ نواز شریف نے بھاگنے کے بعد احتساب عدالتوں، لاہور اور اسلام آباد کے ہائیکورٹس سے کتنی اجازت لی ہے۔ مشیر پارلیمانی امور نے کہا کہ پی ڈی ایم نے اسلام آباد میں دھرنے اور احتجاج کے نام پر مذاق کیا ہے، ان کے جلسے میں گاڑیاں زیادہ اور لوگ کم تھے، یہ لوگ ایک بھی چوک بند نہیں کر سکے، یہ لوگ بری طرح عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں جو اچھی بات ہے، آج عوام نے ان لوگوں کو جسطرح دھتکارا ہے اس کے بعد ان کو باہر نکلتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج اپوزیشن جماعتوں نے مرحوم پی ڈی ایم کا الیکشن کمیشن کے باہر کل پڑھوا دیا ہے، تحریک انصاف حکومت ان کے احتجاج کی وجہ مزید مضبوط اور عوام میں مقبول ہوئی ہے۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ قوم کو پتا چل گیا ہے کہ ایک طرف منی لانڈرنگ اور بدعنوانیوں میں ملوث اپوزیشن جماعتوں کے رہنما سڑکوں پر ہیں جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف حکومت عوام کی خدمت کے مشن کو آگے لیکر چل رہی ہے، اپوزیشن کی ساری تحریک کا مقصد این آر او لینا ہے جو انہیں کسی صورت نہیں ملے گا۔