اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے سندھ میں ہونیوالی ہر کرپشن کا حساب لیں گے ۔ اتوار کے روز علی زیدی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مجھے اطلاع ملی ہے کہ ایک وزیر کہہ رہے ہیں کہ ان کے پاس ویڈیو ہے کہ کمرے میں مراد علی شاہ کے ساتھ کیا ہوا ،انہوں نے کہا کہ میں کہنا چاہتا ہوں کہ ویڈیو آج ہی وائر ل کر دیں کہ وزیر اعلیٰ کہتے تھے کہ میں آپ کو جوابدہ نہیں ہوں ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے حساب ہم لے کر چھوڑیں گے ،دادو میں پنشن کے اندر ہونیوالی کرپشن کا حساب لیں گے ، انہوں نے کہا کہ جو سندھ حکومت کے بیوروکریٹس کرپٹ ہیں ان کا بھی حساب لیں گے ، ہر کرپشن کا میں آپ سے حساب لوں گا ۔