اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات پرامن اور شفاف انداز میں کرانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت اوپن رائے شماری کے ذریعے سینٹ انتخابات کے انعقاد کے لئے پارلیمنٹ میں بل پیش کرے گی، جب تک خفیہ رائے شماری کا نظام ختم نہیں ہوتا تب تک شفافیت یقینی بنانا مشکل ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوپن رائے شماری کے معاملے پر شور شرابہ کرنیکے بجائے پارلیمانی جماعتوں کو آئینی ترمیم لا کر خفیہ رائے شماری کو ختم کرنے کے لئے اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ اقدام کی مخالفت کرنے والے لوگ یہ بھول رہے ہیں کہ ان کی اپنی پارٹی نے ماضی میں اوپن رائے شماری کا مطالبہ کیا تھا لیکن اب وہ اپنے مفادات کے لئے اس بل کی مخالفت کر رہے ہیں، اپوزیشن اپنے حق میں قوانین میں ترامیم چاہتی ہے تاکہ وہ اپنی بدعنوان قیادت کو این آر او دلوا سکے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان وہ واحد ایماندار رہنما ہیں جنہوں نے عام لوگوں کی پرواہ کی اور وہ پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کا پختہ عزم رکھتے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی کے مسائل موجود ہیں لیکن حکومت جلد ہی چیلنجز پر قابو پا لے گی۔