پاکستان لوگوں کو غربت سے نکالنے کی راہ پر گامزن ہے، پاکستان اور چین کی دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ویڈیو پیغام

47

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):پاکستان لوگوں کو غربت سے نکالنے کی راہ پر گامزن ہے، پاکستان اور چین کی دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے، پاکستان چین کے تجربات سے استفادہ کر رہا ہے، پاک چین باہمی دوستی کے علاوہ معاشی خوشحالی کی طرف بڑھ رہے ہیں، بین الاقوامی فورمز پر پاکستان اور چین کا یکساں موقف ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جمعرات کو ٹویٹر پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میں نے اپنے بچپن کے دونوں سے ہی پاکستان اور چین کی دوستی کو دیکھا ہے، جب چواین لائی چین کے وزیراعظم تھے اور مائوزے تنگ بھی تھے اس وقت سے ہمارے درمیان باہمی تعاون پر مبنی ایک طویل اور نتیجہ خیز تعاون رہا ہے۔ پاکستان اور چین بین الاقوامی فورمز، ایف اے ٹی ایف، انسانی حقوق اور دنیا بھر میں اختلاقیات کے معاملات جیسے بین الاقوامی امور پر یکساں سوچ رکھتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ کسی ملک کو تنہا کرنے کی بجائے اسے دنیا بھر کی منڈیوں تک رسائی ہونی چاہئے۔

صدر مملکت نے کہا کہ باہمی احترام اور غور و فکر پر مبنی بین الاقوامی تعلقات اور ایک دوسرے کے معاملات میں عدم مداخلت اور عوام کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے حوالہ سے پاک چین تعلقات بہت مضبوط ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ چین کا نقطہ نظر دنیا کیلئے مختلف مصنوعات تیار کرنا، اپنے سماجی و معاشی شعبوں کو بہتر بنانا اور لوگوں کو غربت سے نکالنا ہے اور پاکستان بھی اسی راہ پر گامزن ہے۔ ہم چین کے تجربات سے استفادہ کر رہے ہیں۔ ہم باہمی دلچسپی کے علاوہ معاشی خوشحالی کی طرف بڑھ رہے ہیں پاکستان موجودہ عالمی حالات کی وجہ سے فکر مند ہے، یہی وہ موقع ہے جب چین اور پاکستان نے پوری دنیا کو دکھایا ہے کہ ہم دوست ہیں لیکن یہ دوستی مفادات پر انحصار نہیں کرتی بلکہ انسانیت، عدم مداخلت اور امن کے بڑے اہداف پر مبنی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین افغانستان سمیت بہت سے معاملات پر متفق ہیں ہم امن چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے، پانی آزاد ہونا چاہئے اور خطے میں امن ہو۔ اس پر دونوں ملک متفق ہیں۔ صدر مملکت نے اس اطمینان کا اظہار کیا کہ دنیا امن کی جانب آگے بڑھ رہی ہے اور اسے پاکستان اور چین کی دوستی سے سیکھنا چاہئے