وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر مصر پہنچ گئے

65

قاہرہ۔16فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے ۔قاہرہ ہوائی اڈے پر قاہرہ کے اسسٹنٹ فارن منسٹر ایمبیسڈر طارق الوسیمی، پاکستانی سفارتخانہ قاہرہ کے ناظم الامور شاہ نذر خان اور وزارت خارجہ مصر کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ قاہرہ میں دو روزہ دورے کے دوران مصری وزیر خارجہ سامح شکری سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ ء خیال کیا جائے گا۔

وزیرخارجہ قاہرہ میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ خصوصی ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ قاہرہ میں عرب لیگ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کریں گے اور سیکرٹری جنرل عرب لیگ سے ملاقات کریں گے۔توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا دورہ مصر دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا۔