اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرمواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کیلئے احساس اور درد رکھتے ہیں، ملک میں غریب افراد کیلئے پناہ گاہوں کا قیام وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، تقریباً دس لاکھ سے زائد افراد ریاست کے مہمان کے طور پر ماڈل پناہ گاہوں میں رہائش پذیر ہیں،ریاست کمزور طبقے کی فلاح کیلئے اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں احساس اور رحم نہ ہو وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احساس ماڈل پناہ گاہوں کا قیام عمل میں لایا، جب پاکستان تحریک انصاف حکومت میں آئی تو وزیراعظم عمران خان کا یہ ویزن تھا کہ ہمارے ملک کے مزدور اور محنت کش جو اپنے بچوں کے لئے روزی روٹی کمانے کے لئے بڑے شہروں کا رخ کرتے تھے، ان کے پاس اتنے پیسے نہیں ہوتے تھے کہ اپنی رہائش کا بندوبست کر سکتے، وزیراعظم عمران خان نے پہلے ان محنت کشوں کے رہائشی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پناہ گاہوں کا آغاز کیا، اس کے بعد ان کے کھانے پینے کے لئے لنگر خانے کا آغاز کیا گیا اور یہ سلسلہ جاری رہا اور آج پورے پاکستان میں مختلف مقامات پر ماڈل پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جتنے بھی مزدور اور محنت کش دور دراز علاقوں سے بڑے شہروں میں روزگار کے لئے آتے تھے ہمیشہ سے ریاست نے ان محنت کشوں کو نظرانداز کیا، لیکن ہم نے ماڈل پناہ گاہوں کے ذریعے ان کو رہائش کی سہولت فراہم کی ہے، پناہ گاہوں میں کھانے پینے کے حوالے سے صفائی کا خاص انتظام بھی کیا گیا ہے، غریب محنت کشوں کی رجسٹریشن کے بعد ان کو ماڈل پناہ گاہوں میں رہنے کے لئے چھت مہیا کی جاتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اب ”ای شفائ“ پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے، جتنے بھی مزدور اور محنت کش ماڈل پناہ گاہوں میں رہائش پذیر ہوتے ہیں اگر ان میں سے کوئی بیمار ہو تو ان کو ”اپنا ڈاکٹر“ کے نام سے شروع کئے گئے پراجیکٹ کے تحت علاج معالجہ کی سہولت بھی ماڈل پناہ گاہوں کے اندر فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ احساس پروگرام کے تحت صحت انصاف کارڈ پروگرام شروع کیا گیا جس کے تحت ہر شہری کو دس لاکھ روپے تک مفت اور بہترین علاج کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے، صحت انصاف کارڈ کے تحت نہ صرف سرکاری ہسپتال بلکہ بڑے پرائیویٹ ہسپتال بھی خدمات فراہم کرتے ہیں، اب صحت انصاف کارڈ پروگرام کا پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی آغاز ہو چکا ہے۔