اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سینیٹر اورنگزیب خان اورکزئی پارٹی کا اثاثہ ہیں، وزیراعظم عمران خان کے فیصلے کو فراخدلی اور جذبے سے قبول کرتے ہوئے اورنگزیب خان سینٹ میں پارٹی ٹکٹ سے دستبردار ہوگئے ہیں، ان کی خدمات سے پارٹی آئندہ بھی استفادہ حاصل کرے گی۔ وہ جمعہ کو سینیٹر اورنگزیب خان کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے سینیٹر اورنگزیب خان کی رہائشگاہ کا دورہ کیا اس موقع پرسینیٹر سجاد حسین،سینیٹر مرزا آفریدی اور نصیب اللہ بازئی بھی ہمراہ تھے۔وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ سینیٹر اورنگزیب خان کا تعلق سابقہ فاٹا سے ہے، انہوں نے جس جذبے اور فراخدلی سے وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ مانا ہے وہ لائق تحسین ہے، ہم انکا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں،یہ آئندہ بھی ہمارے ساتھ رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹر اورنگزیب خان کی پارٹی کے لئے بہت خدمات ہیں اور آج بھی وہ اسی طرح کی خدمات سے سرشار ہیں جس طرح پہلے پارلیمنٹ میں پی ٹی آئی کا موقف پیش کرتے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا کہ ہم اورنگزیب خان کا شکریہ اور پوری اورکزئی برادری کو سلام پیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اورنگزیب خان نہ صرف عزم کے ساتھ عمران خان کے فیصلے کو تسلیم کیا بلکہ عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے لئے آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ خدمات سر انجام دینے کا اعادہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی سینیٹر اورنگزیب خان اورکزئی نے وفاقی وزیر شبلی فراز اور اعظم سواتی کا اپنی رہائشگاہ آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک اور قوم کے لئے کام کرتے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کا ویزن ہمارے لئے قابل قدر ہے،یہ ضروری نہیں کہ ہر بار ہم ہی سینیٹر ہوں،یہ وقت کا تقاضا تھا، ہمارے خون کا آخری قطرہ اور آخری سانس عمران خان کے کے لئے ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم محب وطن لوگ ہیں ہماری جدو جہد زندگی کے آخری لمحے تک رہے گی۔