گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سےپی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیر سٹر سلطان محمود کی قیادت میں وفد کی ملاقات

63

لاہور ۔21فروری (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے تحر یک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیر سٹر سلطان محمود کی قیادت میں پارٹی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آزادکشمیر کے آنےوالے انتخابات ،پارٹی وسیاسی امور کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر اور کشمیر یوں پر بھارتی مظالم کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ۔اس موقع پر راجہ مظہر حسین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت سب ایک پیج پر ہیں،نریندر مودی پاکستان دشمن دہشت گرد تنظیموں کاسرغنہ بن چکا ہے ، کشمیر میں بھارتی مظالم پرعالمی اداروں کی خاموشی بھی ایک جرم ہے ۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیر یوں پر بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ایک خواب کے سواکچھ نہیں، اس لیے اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کو خاموش تماشائی بننے کی بجائے کشمیر میں بھارتی مظالم کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کر نا ہوں گے، کیونکہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں بدتر ین اضافہ ہو رہا ہے اور کشمیر میں لاک ڈاون کو 566دن ہوچکے ہیں ۔

گور نر پنجاب نے کہا کہ بھارتی فوجی پلیٹ گن سے کشمیریوں کی بینائی ختم کر رہے ہیں،کشمیرآج تاریخ کے سیاہ ترین دور سے گزر رہا ہے، کشمیری امن اور آزادی چاہتے ہیں مگربھارت دہشت گردی کا حامی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر بن کر ان کامقدمہ لڑ رہے ہیں، کشمیر کے عوام کی منزل پاکستان ہے اور پاکستان ہی رہے گی ، کشمیریوں کی آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا اور خطے میں امن کیلئے بھی مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے ۔ تحر یک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیر سٹر سلطان محمودنے کہا کہ کشمیر ی اور پاکستانی ایک دوسرے سے دور ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتے،پاکستان 22کروڑ پاکستانی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں اور کشمیر یوں کی آزادی کیلئے کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا ۔